بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 255,946 سیلاب متاثرین خاندانوں میں 6 ارب روپے سے زائد کی امداد تقسیم کی جا چکی ہے

294
BISP
BISP

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ و چیئرپرسن بی آئی ایس پی شازیہ مری کی خصوصی ہدایات پر اور اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی خصوصی کوآرڈینیشن کے ساتھ بی آئی ایس پی کے پارٹنر بینکوں کے ادائیگی مراکز اتوارکو چھٹی کے روز بھی کھلے رکھے گئے ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کو ادائیگیاں باآسانی کی جاسکیں۔

سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اس پروگرام کے تحت اب تک 255,946 سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں مجموعی طور پر6,434,111,806 روپے کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔اس وقت بلوچستان میں38,930 متاثرہ خاندانوں کو984,007,726 روپے مل چکے ہیں۔ سندھ میں 154,860 خاندانوں کو 3,888,417,506 روپے مل چکے ہیں۔ کے پی میں20,799 خاندانوں کو 522,441,500 روپے مل چکے ہیں اور پنجاب میں41,357 خاندانوں کو 1,039,245,074 روپے موصول ہوئے ہیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کریں۔ متاثرہ خاندان فلڈ ریلیف کیش اسسٹنس پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے اپنا کمپیوٹرائزقومی شناختی کارڈ نمبر8171 پر بھیج کر معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور ادائیگی کا پیغام موصول ہونے پر وہ اپنی ادائیگی حاصل کرنے کے لیے اپنے قریبی کیمپ سائٹ پر جا سکتے ہیں۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ادائیگیوں کو یقینی بنایا جا سکے۔ امداد اور دیگر متعلقہ معلومات کے لیے لوگ صبح 8:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر جا سکتے ہیں یا 051-9246312 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔