بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اب تک سیلاب متاثرین میں 19.74ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں، وفاقی وزیر شازیہ مری

485

کراچی ۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اب تک بارش و سیلاب متاثرین میں 19.74ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔

منگل کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے ذریعے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام 25,000روپے فی خاندان کی مالی امداد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں اب تک 789,631 سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 25,000 روپے فی خاندان اور مجموعی طور پر 19.74 ارب کی مالی امداد تقسیم کر دی ہے۔

بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کے تحت سندھ بھرمیں ابتک 464,989 سیلاب زدہ خاندانوں میں 11 ارب 71 کروڑ سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ سیلاب متاثرین کی مالی امداد کیلئے صوبہ سندھ کی 100 تحصیلوں میں 221 کیمپ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیربرائےتخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری کی ہدایات پر نادرا نے سندھ اور بلوچستان صوبوں کے بعض سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے مستحق افراد کے شناختی کارڈ کی ایکسپائری کی شرط بھی ختم کردی ہے اور اب ان متاثرہ علاقوں میں بھی متاثرین سیلاب کی مالی معاونت کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر شازیہ مری نے یہ بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ ہفتے اور اتوار کو بھی ادائیگی مراکز کھلے رہیں گے تا کہ سیلاب متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25، 25 ہزار کی رقم تقسیم کی جاسکے۔