اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کےرہنما اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جس نظریے کے لئے اپنی جان کا نذرانہ دیا وہ نظریہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے،بے نظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے ۔
جمعرات کو بے نظیر بھٹو کی70 ویں یوم پیدائش کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں ایم این اے نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے آمریت کے خلاف طویل اور تاریخ ساز جدوجہد کرکے عالمی سطح پر پاکستان اور قومی تشخص کو اجاگر کیا،وہ انسانی حقوق کی علمبردار ،ملکی استحکام، سالمیت اور قومی مفادات کی امین تھیں ، اسلامی ممالک میں وہ دخترِ اسلام کے نام سے سرفراز ہوئیں ۔ جمال خان رائیسانی نے کہا کہ ہمارے دل و دماغ میں بے نظیر بھٹو آج بھی زندہ ہیں اور ان کی یاد تازہ ہے،قوم اپنی عظیم قائد کو نہ بھولی ہے اور نہ کبھی بھولے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی قیادت کے ویژن کے مطابق جمہوریت سے نفرت کرنے والوں کا ہر قدم پر مقابلہ کرے گی،محترمہ بے نظیر بھٹو پارٹی کارکنوں کے لئے امید کی روشنی اور خوابوں کی تعبیر تھیں ، وہ بے شمار خوبیوں کا مرقع تھیں،وہ ایک ہمدرد اور شفیق شخصیت کی مالک تھیں،ان کا دل غریبوں اور کارکنوں کی ہمدردی سے لبریز تھا ۔