لاہور۔22اکتوبر (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نےکہا ہے کہ تاجروں کے مسائل حل کرانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں گے۔یہ بات انہوں نے اردو بازار کے تاجروں کے وفد سے خطاب کر تے ہوئے کہی جس کی قیادت ٹیکسٹ بک پبلشرز ایسوسی ایشن کے صدر فواد نیاز کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر بھی موجود تھے۔
وفد میں انجمن تاجران اردو بازار کے چیئرمین ابوذر غفاری، صدر احمد عثمان شاہ، سینئر نائب صدر جاوید اقبال، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نعیم خالد، سیکرٹری مالیات محمد عامر، سیکرٹری نشر و اشاعت محمد جمال الدین افغانی، جوائنٹ سیکرٹری غیاث الدین اور اردو بازار کے دیگر تاجر شامل تھے۔اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن آصف ملک اور سابق رکن ایگزیکٹو کمیٹی عثمان ملک بھی موجود تھے۔
لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر کا پلیٹ فارم ہمیشہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے دستیاب ہے اور ہم تاجروں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے اردو بازار میں ٹریفک کے مسائل اور تجاوزات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کی سربراہی ابوذر غفاری کریں گے جس کی سفارشات متعلقہ حکومتی اداروں کو پیش کی جائیں گی۔
ٹیکسٹ بک پبلشرز ایسوسی ایشن کے صدر فواد نیاز نے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری کو مبارکباد پیش کی اور چیمبر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر نے بھی وفد کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ تاجروں کے مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے اردو بازار کی کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے چیمبر کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔