اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):یونائیٹڈ بزنس گروپ کے ایک وفد نے گروپ کے صدر زبیر طفیل اور سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری کی قیادت میں وفاقی سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی سے ملاقات کی اور ملکی تجارت اور برآمدات کو بہتر بنانے کے امور پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر احسن ظفر بختاوری، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر جمال الدین ، اسفند یار مندوخیل، قربان علی، ایف پی سی سی آئی کے لئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور حکومت ان کے اہم مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر کرنے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کے لیے بزنس کمیونٹی کو غیر ملکی وفود میں نمائندگی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے ٹریڈ اور ایکسپورٹ پالیسیوں کو حتمی شکل دی جائے گی تاکہ انہیں نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے شفاف اور منصفانہ انتخابات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک کی اس اعلیٰ تجارتی تنظیم میں تاجر برادری کی حقیقی نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے سمگلنگ کی روک تھام، ملکی برآمدات کو بہتر اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کیلئے وفد کی تجاویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مناسب غور کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت کے اقدامات حوصلہ افزاء ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ان اقدامات کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت صرف حقیقی تجارتی تنظیموں کو لائسنس جاری کرنے کے لیے ایک جامع طریقہ کار وضع کرے جس سے کاروباری برادری کے مفادات کو بہتر تحفظ ملے گا۔ انہوں نے ایران اور دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر کرنے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں جس سے پاکستان کی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا ہوں گے۔
یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ حکومت کے سمگلنگ، بجلی چوری اور غیر قانونی کرنسی ٹریڈنگ کے خلاف کریک ڈائون سے معیشت کے لیے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ ان مسائل کی مستقل طور پر روک تھام کیلئے ایک جامع طریقہ کار اور پالیسی وضع کرے تا کہ ملک کو ان سے پاک کیاجا سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ حکومت تجارتی لبرلائزیشن پر توجہ دے، برآمداتی شعبے کی مسابقت کو بہتر بنانے کی کوشش کرے اور کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے کیلئے اقدامات لے جس سے تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت تیزی سے بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔
اسفند یار مندوخیل نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں جعلی ووٹ ڈالنے کے لئے بعض تجارتی تنظیمیں جعلی لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں لہذا حکومت تمام جعلی تجارتی تنظیموں کے لائسنس منسوخ کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے تحقیقات کر کے جعلی برآمدات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ اس طرز عمل سے پاکستان کا امیج مجروح ہوتا ہے۔فیڈریشن کیلئے یو بی جی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے تجویز دی کہ پام آئل کی امپورٹ کے طریقہ کار کو مل مالکان کی مشاوت سے مزید بہتر بنایا جائے۔