اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور اس کے مسائل حل کرنا میری اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجمل بلوچ کی تاجروں کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں،تاجر اتحاد کیلئے اپنا کردار ادا کریں میں ان کے ساتھ ہرجگہ جانے کیلئے تیار ہوں،کسی ادارے کی طرف دیکھنے کی بجائے آپس کی مشترکہ حکمت عملی اور اتحاد سے اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے،ہمیشہ تاجروں کی فلاح و بہبود اور اسلام آباد کی مارکیٹوں کی خوبصورتی کیلئے کام کیا،اجمل بلوچ آگے بڑھ کر لیڈ کریں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے صدور کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران پاکستان و صدر آبپارہ مارکیٹ اجمل بلوچ، صدر جی ٹن مرکز اخلاق عباسی، صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیز، صدر ایف ٹن مرکز احمد خان، صدر سپر مارکیٹ شہزاد شبیر عباسی، صدر آئی اینڈ ٹی سنٹر جی 10 ظفر اقبال گجر، صدر جی 13 ریاض خان، صدر آئی اینڈ ٹی سنٹر جی نائن نثار احمد لنگاہ، صدر ائی این ٹی سنٹر جی سیون راجہ سفیر ، ارشد عباسی چوہدری احتشام، چوہدری مظہر حسین، اسلم کھوکھر، تنویر کھوکھر، عمر فاروق، بریگیڈیئر سجاد حسین، اویس کھوکھر سمیت دیگر تاجر رہنماؤں اور شخصیات نے شرکت کی۔
احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بطور صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس، میں نے ہمیشہ تاجروں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی اور ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ اسی مشن کے تحت شروع کی گئی کہ ہم اپنے شہر کو صاف ستھرا اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھیں۔ اس تحریک کو مزید وسعت دینے کے لئے تمام مارکیٹ ایسوسی ایشنز کو متحرک ہونا ہوگا تاکہ اسلام آباد کو حقیقی معنوں میں ایک ماڈل سٹی بنایا جا سکے۔
اجمل بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احسن بختاوری نے ہمیشہ تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں اور ان کے دور میں تاجروں کے مسائل کے حل میں جو پیشرفت ہوئی وہ مثالی تھی۔ احسن بختاوری پہلے صدر تھے جنہوں نے چیمبر کے دروازے ہر ایک کے لئے کھول دیئے، ان کا دور سنہری تھا، تاجروں کو عزت دی گئی اور مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے گئے، آج چیمبر کو ایک بار پھر یکجا کرنے کی ضرورت ہے اور میں اس جدوجہد میں احسن بختاوری کے ساتھ کھڑا تھا اور ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔ اجمل بلوچ نے کیا کہ احسن بختاوری کی جانب سے آبپارہ مارکیٹ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سکیورٹی کیمروں کے لئے خطیر رقم خرچ کرنے پر ہم ان کے مشکور ہیں ۔
صدر جناح سپر مارکیٹ، اسد عزیز نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ جیسے فلاحی منصوبے تاجروں اور عوام کے لیے بہترین اقدامات ہیں، ہمیں ان کاموں کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری کی طرف سے اسلام آباد کے تمام مراکز میں واٹر فلٹریشن پلانٹ اور سکیورٹی کیمروں کی تنصیب ان کی عوامی خدمت کے بھرپور جزبے کی عکاسی کرتا ہے ۔
صدر جی ٹن مرکز اخلاق عباسی نے کہا کہ احسن بختاوری نے جی ٹن مرکز میں ذاتی خرچ سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کرکے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی میں عوام کی خدمت کی نئی راویت قائم کی ہے ۔ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔صدر ایف 10 مرکز احمد خان نے کہا کہ احسن بختاوری نے اپنے دورِ صدارت میں تاجروں کے مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کیا اور انہیں ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا جو آج بھی تاجر برادری کے لئے مشعل راہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575923