تاجر برادری کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم، ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کرنے کی اپیل

39
پیٹرول پمپوں کے تیل کی کوالٹی کی چیکنگ جاری، پٹرول سیمپل کی منفی رپورٹ والوں کو سیل کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ آفیسرانڈسٹریزبہاولنگر

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کرنے کی اپیل کی ہے ۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رئو ف نے ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے تاہم اس کا فائدہ گراس روٹ لیول تک پہنچایا جائے، کرایوں میں کمی سمیت دیگر اشیاءکی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹرساڑھے 18روپے اور ڈیزل ساڑھے40 روپے کی کمی کی گئی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اسی تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

ضلعی انتظامیہ روزمرہ اشیا ء کی قیمتیں کنٹرول کرے، اس وقت پاکستان میں مہنگائی کی شرح پڑوسی ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، ہنگامی اقدامات کے ذریعے قیمتوں کو کم کرنا ہو گا۔ ٹرانسپورٹیشن لاگت مہنگی ہونے سے تعمیراتی شعبہ شدید متاثر ہو ا ہے، اس کے ساتھ سیاحت کا شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔

انجمن تاجران عابد مجید روڈ کے صدر چوہدری اظہر محمود ،تاجر راہنما افتخار محی الدین اور دیگر تاجروں نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہاہے کہ قیمتوں میں کمی سے عوام کو مہنگائی میں کمی کا احساس ہونا چاہیے اور عوام کو دیگر منسلکہ اشیاءکی قیمتوں میں کمی کا ریلیف بھی پہنچنا چاہیے ۔