تاجر برادری کو درپیش چیلنجز کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کی فوری توجہ کی ضرورت ہے، ناصر منصور قریشی

117

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جس کے لیے متعلقہ محکموں بالخصوص کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ وہ جناح سپر مارکیٹ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (ٹی ڈبلیو اے) کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے اس سے پہلے نئے عہدیداران سے حلف لیا۔سی ڈی اے کے چیئرمین/چیف کمشنر چوہدری محمد علی رندھاوا نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، فائونڈر گروپ آئی سی سی آئی کے چیئرمین طارق صادق، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، آئی سی سی آئی کے سابق صدور احسن ظفر بختاوری، خالد اقبال ملک، خالد جاوید، میاں شوکت مسعود سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔صدر ناصر قریشی نے ملکی معیشت میں کاروباری برادری کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری شعبے سے حاصل ہونے والی آمدنی کواسی سیکٹر پر خرچ کیاجائے تاکہ رہائشیوں اور کاروبار دونوں کے لیے سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے ان مسائل کو حل کرنے میں سی ڈی اے کے لیے آئی سی سی آئی کے مکمل تعاون کا بھی وعدہ کیا۔چیئرمین سی ڈی اےو چیف کمشنر اسلام آباد چوہدری محمد علی رندھاوانے یقین دلایا کہ وہ اور ان کی ٹیم کمیونٹی کے مسائل کو سمجھتے ہیں اور مقامی ترقی کے لیے سیکٹر سے پیدا ہونے والے ریونیو کو مختص کرنے کے منصوبوں کے ساتھ ان کو فوری اور موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز نے اپنے خطاب میں سیوریج، سٹریٹ لائٹنگ، بیت الخلا کی کمی، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی جیسے مسائل کو تاجر برادری کے بڑے مسائل کے طور پر اجاگر کیا۔

جناح سپر مارکیٹ کے نومنتخب عہدیداران میں عبدالرحمن صدیقی جنرل سیکرٹری، فصیح اللہ خان سینئر نائب صدر اور چوہدری محمد اشرف نائب صدر شامل ہیں۔