تاجر برادری کو سہولیات فراہم کر کے پاکستان کو 2050ءتک دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بنایا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

106

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ سرخ فیتے کی روایت کی حوصلہ شکنی اور تاجر برادری کو سہولیات فراہم کر کے پاکستان کو 2050ءتک دنیا کی 18 ویں بڑی معیشت بنایا جائے گا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم سرخ فیتے کی روایت ختم اور تاجر برادری کو تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام کا جائزہ لینے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی سفارشات کا ہمیں انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لائحہ عمل پر عملدرآمد کر رہے ہیں،تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، آپ اس معاملے میں بہت جلد عملی اقدامات دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹیکسوں کا تعلق وفاق اور کچھ کا صوبوں سے ہے، اگر ٹیکسوں دینے کے معاملے پر ہمارا اتفاق رائے ہو جائے تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ مطلوبہ وقت کے نصف سے بھی پہلے ہم دنیا کی اٹھارویں بڑی معیشت بننے کا ہدف حاصل نہ کر لیں۔ وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ توانائی بحران پر 2018ءمیں قابو پا لیا جائے گا۔