سرگودھا۔ 21 نومبر (اے پی پی):دُنیا بھر میں ٹیکس وصولی کا جدید اور خود مختار نظام رائج ہے اور وہاں پر لوگ دیانتداری سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم سے بعد میں آزاد ہونیوالے ممالک ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں اور اس کی بڑی وجہ دیانتداری ہے۔
میں مانتا ہوں کہ ہمارے ہاں ٹیکس وصولی میں کوتاہیاں ہیں جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اپنے محکمے کی کوتاہیوں پر قابو پانے کیساتھ ساتھ تاجروں سے بھی توقع کرینگے کہ وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں، تاجربروقت ٹیکس کی ادائیگی میں اپنا کردارادا کریں تاکہ ہمیں آئندہ کبھی قرض لینا نہ پڑے ۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ایف بی آر فرید اللہ جان نے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور ممبران سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا
سرگودھا چیمبر آف کامرس آمد پرصدر خواجہ یاسر قیوم سمیت عہدیداران اور ممبران نے اُن کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر صدر خواجہ یاسر قیوم نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایف بی آر اور تاجروں کے درمیان باہمی اتفاق کی ضرورت ہے جس میں کلیدی کردار ایف بی آر کا ہوگا اگر تاجروں‘ صنعتکاروں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کیساتھ ساتھ اُنہیں اعتماد میں لیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ لوگ ٹیکس جمع نہ کروائیں۔ خواجہ یاسر قیوم نے مزید کہاکہ اگر ایف بی آر ٹیکس وصولی اور رجسٹریشن کا خود کار آسان نظام رائج کرے تو کوئی وجہ نہیں کہ لوگ بخوشی ٹیکس جمع نہ کروائیں۔
اس موقع پر کمشنر ایف بی آر فرید اللہ جان نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا اگر ہم ٹیکس دینگے ملک معاشی طور پر مضبوط ہوگا اور ہمیں مالیاتی اداروں سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ کمشنر فریداللہ جان نے کہا کہ ٹیکس کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے ۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں محمد عمران نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا جبکہ سابق صدر طارق یعقوب‘ مرزا فضل الرحمن‘ ملک محمد آصف‘ مختار مرزا سمیت دیگر سینئر ممبران بھی موجود تھے۔