بیجنگ ۔30اگست (اے پی پی):تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کہا ہے کہ ان کا ملک شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او )کے بانیوں میں سے ایک ہے، تھیان جن سربراہی اجلاس رکن ممالک کے درمیان تعاون میں نئے دورکا آغاز کرے گا۔ یہ بات انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تھیان جن سربراہی اجلاس کے موقع پر دوشنبے میں چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ تھیان جن سربراہ اجلاس ایس سی او ممالک کے درمیان تعاون اور تنظیم کی ترقی میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔ صدر رحمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے خود کو کثیر الجہتی تعاون کے لئے ایک کامیاب اور بااثر پلیٹ فارم کے طور پر ثابت کیا ہے جو سکیورٹی، معیشت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2024ء میں تاجکستان اور چین کے تعلقات کو نئے دور میں جامع سٹریٹجک تعاون کی شراکت داری میں اپ گریڈ کیا گیا ، تاجکستان اور چین کے درمیان عملی تعاون معیشت، تجارت، مالیات، تعلیم، صحت، صنعت اور دیگر شعبوں میں فروغ پا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان اپنی "2030 قومی ترقیاتی حکمت عملی” کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ساتھ ہم آہنگ کر رہا ہے، تاجکستان نے چین کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھے ہیں اور باہمی تعاون کو مسلسل مضبوط بنایا جا رہا ہے۔