تاجکستان میں بین الاقوامی نمائش میں شرکت کےلئے 15اگست تک درخواستیں طلب

86
TDAP

اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):تاجکستان میں منعقد ہونے والی 4 روزہ بین الاقوامی نمائش’’انٹرنیشنل یونیورسل ایگزیبیشن فئیر ‘‘ میں شرکت کےلئے 15اگست تک درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں ۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تاجکستان کے دار الحکومت دوشنبے میں عالمی تجارتی نمائش 26تا 29 اکتوبر کو منعقد ہو گی۔

نمائش میں ، بیکری مصنوعات سنیک پروڈکٹس ، آئس کریم ، فروزن فوڈ، دہی اورچاول ،سرجیکل آلات ، مشروبات ، جوسز ، پھلوں ، سبزیوں کے علاوہ تعمیراتی میٹیریل اور فرنیچر کی نمائش کی جائے گی۔ نمائش میں مصنوعات/ خدمات تیارو برآمد کرنے والے ادارے شرکت کے ذریعے اپنی مصنوعات کی نمائش کے علاوہ عالمی خریداروں کے ساتھ کاروباری معاملات بھی طے کرسکیں گے جس سے قومی برآمدات کے فروغ اور قیمتی زرمبادلہ کے حصو ل میں مدد ملے گی۔نمائش کے حوالے سے مزید تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔