تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے دورہ پاکستان اور مختلف معاہدوں پر دستخط سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے، عارف علوی

167

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے دورہ پاکستان اور مختلف معاہدوں پر دستخط سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے، پاکستان اور تاجکستان مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل بہتر ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایوان صدر میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کے اعزاز میں دی گئی ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان مشترکہ مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور روایتی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں اور ان کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے گہرا لگائو رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے تاجکستان کے صدر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تاجکستان کو ایک قریبی پڑوسی ملک اور پاکستان کا ایک اہم شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے اتنے قریب ہیں کہ اسلام آباد سے کراچی کا فضائی سفر دوشنبے کی نسبت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے دوروں اور عوامی سطح پر روابط میں اضافے سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت اور صنعت کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان امت مسلمہ کو اسلامو فویبا سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کام کر سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اپنی بندرگاہوں کے راستہ وسطی ایشیائی ریاستوں کو رسائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں پر دستخط ایک خوش آئند اقدام ہے۔ تاجک صدر امام علی رحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجکستان علاقائی ترقی و خوشحالی کیلئے پاکستان کے ساتھ زمینی روابط کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے تعلقات کو تقویت ملے گی۔ تاجک صدر نے کہا کہ میرا ملک پاکستان کو ایک برادر ملک اور پائیدار شراکت دار تصور کرتا ہے۔ انہوں نے صدر ملکت ڈاکٹر عارف علوی کو تاجکستان کے دورہ کی دعوت دی۔