تاخیر کا شکار لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ بہت جلد شروع ہوگا، شیخ رشید احمد

110

راولپنڈی۔9اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ تاخیر کا شکار لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ بہت جلد شروع ہوگا ،پراجیکٹ کے آغاز کی تمام تر تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مالی سال 2021-22کے بجٹ میں پنجاب حکومت نے نالہ لئی ایکسپریس پراجیکٹ کے لیے 55ارب روپے مختص کیے تھے اور اس بڑے پراجیکٹ کا تعمیراتی کام اسی سال شروع ہوجائے گا ۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ 18 کلومیٹر طویل نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ عمار چوک سے شروع ہوکر پنڈوڑا تک جائے گا اور لئی ایکسپریس وے کے دونوں اطراف ہائی رائز کمرشل بلڈنگز تعمیر کی جائیں گی ۔انہوں نے بتایاکہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی بنیاد پر پایہ تکمیل پہنچے گا ۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ راولپنڈی شہر کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس کی بدولت شہر میں ٹریفک رش کا خاتمہ ہوسکے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس پراجیکٹ کی بدولت شہر کو بارشوں کے دوران ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پانے میں معاونت ملے گی ۔

ترجمان کمشنرآفس راولپنڈی کے مطابق کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ نے متعلقہ حکام کو تمام انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رواں برس دسمبر میں رکھا جاسکے ۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ور دیگر حکام کو جلد از جلد تمام امور نمٹانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

اس ضمن میں کمشنر راولپنڈی نے آر ڈی اے حکام کو 10اکتوبر تک نیسپاک سے کوارڈینیشن پلان کے حصول کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ پلان 23اکتوبر تک پی سی ون تک جا سکے ۔