تاریخ ساز 18ویں ترمیم کی منظوری کو 13 سال مکمل ہو گئے ہیں، 73 کے آئین کی بحالی کا سہرا پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت اور اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے، سینیٹر شیری رحمان کا ٹویٹ

132
شیری رحمان

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ آج تاریخ ساز 18ویں ترمیم کی منظوری کو 13 سال مکمل ہو گئے ہیں، 73 کے آئین کی بحالی کا سہرا پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت اور اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے، اس عظیم سنگ میل کے حصول میں شامل پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت اور تمام شراکت داروں کو خراج پیش کرتی ہوں۔

بدھ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے پیچھے صدر آصف زرداری کا صوبائی خودمختاری اور حقوق کا وژن تھا۔ انہوں نے صدر کو حاصل تمام حقوق پارلیمنٹ اور منتخب وزیراعظم کو منتقل کئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو تقریباً 27 وزارتیں اور محکمے منتقل کئے گئے اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کے مطابق صوبائی شناخت دی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ متفقہ طور پر 102 ترامیم اس کو ایک بے مثال پارلیمانی کامیابی بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں 18ویں ترمیم کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی، 18ویں ترمیم کو واپس اور منسوخ کرنے کے مطالبے کئے گئے، کسی کو نہیں بھولنا چاہئے کہ 73 کا متفقہ آئین اور 18ویں متفقہ ترمیم ہی ملک کی سلامتی کے ضامن ہیں۔