دبئی ۔ 13 فروری (اے پی پی) انگلش بلے باز جوروٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بلے بازوں میں دوبارہ ٹاپ فائیو میں شامل ہو گئے۔ انہوں نے دو درجے ترقی کے ساتھ نیوزی لینڈ کے ہنری نیکولز کے ساتھ پانچویں پوزیشن شیئر کر لی۔ جوز بٹلر 8 اور بین سٹوکس 7 درجے ترقی پا کر بالترتیب 26ویں اور 34ویں نمبر پر آ گئے۔ روسٹن چیس 10 درجے ترقی پا کر 41ویں نمبر پر آ گئے۔ باﺅلرز میں کگیسوربادا بدستور سرفہرست ہیں۔ مارک ووڈ 12 درجے چھلانگ لگا کر 52ویں نمبر پر آ گئے۔ ٹیموں میں بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ انگلش ٹیم دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئی۔ بدھ کو آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان سیریز ختم ہونے پر نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی جس کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی بدستور سرفہرست، کین ولیمسن دوسرے، چیتشور پوجارا تیسرے اور سٹیون سمتھ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔ جوروٹ ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے بعد دو درجے بہتری کے ساتھ ہنری نیکولز کے ساتھ مشترکہ طور پر پانچویں نمبر پر آ گئے۔ جوز بٹلر 8 اور بین سٹوکس 7 درجے بہتری کے بعد 26ویں اور 34ویں نمبر پر آ گئے۔ جیسن ہولڈر بدستور ٹاپ رینکڈ ویسٹ انڈین بلے باز ہیں۔ وہ 36ویں نمبر پر ہیں، روسٹن چیس آخری ٹیسٹ میں فائٹنگ سنچری بنا کر 10 درجے ترقی کے ساتھ 41ویں نمبر پر آ گئے۔ باﺅلرز میں ربادا سرفہرست ہیں۔ پیٹ کمنز دوسرے، جیمز اینڈرسن تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کیمر روچ ایک سیڑھی چڑھ کر 11ویں نمبر پر آ گئے، شینن گبرائل ایک درجہ تنزلی کے بعد 13ویں نمبر پر چلے گئے، معین علی 27ویں نمبر پر آ گئے، آل راﺅنڈرز میں جیسن ہولڈر بدستور سرفہرست ہیں۔ بین سٹوکس ترقی پا کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں بھارت بدستور سرفہرست ہے۔ جنوبی افریقن ٹیم دوسرے نمبر پر موجود ہے، انگلش ٹیم کالی آندھی کے ہاتھوں ٹیسٹ میں شکست کے بعد دو درجے تنزلی کے بعد تیسرے سے پانچویں نمبر پر چلی گئی۔ نیوزی لینڈ نے ایک سیڑھی چڑھ کر اس کی جگہ تیسری پوزیشن سنبھال لی جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے چوتھا نمبر حاصل کر لیا، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر موجود ہے۔