تازہ ترین آئی سی سی پلیئرز ون ڈے رینکنگ ، بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، شبمان گل دوسری پوزیشن پر آگئے

153
بابراعظم

دبئی۔13ستمبر (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے تازہ ترین ون ڈے پلیئرز رینکنگ جاری کردی، بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، بھارتی کرکٹر شبمان گل نے کیریئر بہترین دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

بدھ کو آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ جاری کی ہے جس میں بیٹرز رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور ون ڈے کے نمبر ون بیٹر ہیں جبکہ پاکستان کے خلاف 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر بھارتی اوپنر شبمان گل ایک درجہ ترقی کے بعد دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں، جنوبی افریقی بیٹر راسی وانڈر دوسین تیسری، آسٹریلوی ڈیوڈ وارنرایک سیڑھی چڑھ کر چوتھی اور پاکستانی اوپنر امام الحق ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

ویرات کوہلی اور روہت شرما پاکستان کے خلاف بہترین بیٹنگ کی بدولت بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ستمبر 2018ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب تین بھارتی بلے باز ٹاپ ٹین رینکنگ میں شامل ہوئے ہیں۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان خراب فارم کی وجہ سے رینکنگ میں تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باووما آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس کے بعد اپنے کیریئر کی بہترین 11پوزیشن پر آگئے ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے بائولرز رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ بدستور پہلی اور مچل سٹارک دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ایک درجہ ترقی کے بعد تیسری اور ایڈم زمپا چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں۔ پاکستان کے شاہین آفریدی دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔