تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ،بابراعظم تنزلی کے بعدآٹھویں نمبر پر چلے گئے،عامرجمال کی ڈیبیوسیریز میں 45ویں نمبر پر انٹری

111
ICC Ranking of T20 players

دبئی۔10جنوری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرزرینکنگ جاری کردی ہے، کیوی کپتان کین ولیمسن بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، بابراعظم دو درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار کرکٹر بابراعظم دورہ آسٹریلیا کے دوران ناقص پرفارمنس کے باعث دو درجہ مزید تنزلی کا شکار ہوگئے ہیں، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی چھ اننگز میں مجموعی طور پر 126 رنز بنائے، پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں وکٹ کیپر محمد رضوان دس درجہ ترقی کے بعد 17ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ آل رائونڈر عامر جمال نے اپنی ڈیبیو سیریز میں 18 وکٹیں حاصل کرکے رینکنگ میں 45 ویں پوزیشن حاصل کی۔ کیوی کپتان کین ولیمسن بدستور ٹیسٹ کے نمبر ون بلے باز ہیں، انگلش بلے باز جو روٹ دوسری اور آسٹریلوی سٹیو سمتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

مارنس لبوشین تین درجہ ترقی کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بائولرز رینکنگ میں بھارتی سپنر ایشون نمبر ون پوزیشن پر موجود ہیں، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ربادا ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔