دبئی ۔ 27 جنوری (اے پی پی) جیسن ہولڈر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ایک آل رائونڈر بن گئے، وہ 45 برس بعد آل رائونڈرز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے ویسٹ انڈین کھلاڑی بن گئے ہیں، اس سے قبل 1974ء میں گیری سوبرز نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا، انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ ساز ڈبل سنچری بنانے پر ہولڈر کی بلے بازوں میں 25 درجے ترقی ہوئی ہے، ٹریوس ہیڈ کی 17 شین ڈورچ کی 14 اور شمرون ہٹمائر کی 11 درجے ترقی ہوئی ہے، بائولرز میں پیٹ کمنز ایک درجہ ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے، کیمر روچ کی 5 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں انٹری ہوئی ہے، روسٹن چیس 14 درجے چھلانگ لگا کر 41ویں نمبر پر آ گئے۔ اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں ویرات کوہلی سرفہرست ہیں، کین ولیمسن دوسرے، چیتشور پوجارا تیسرے، سٹیون سمتھ چوتھے اور جوروٹ پانچویں نمبر پر موجود ہیں، ویسٹن انڈین قائد جیسن ہولڈر انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد 25 درجے ترقی پا کر 33ویں نمبر پر آ گئے