فیصل آباد۔ 08 اکتوبر (اے پی پی):تاندلیانوالہ میں عالمی یوم کپاس کے حوالے سے سمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع چوہدری خالد محمود نے تحصیل تاندلیانوالہ کے جناح ہال میں منعقدہ سیمینار میں کپاس کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ سیمینار میں کپاس کے مثالی کاشتکاران جنہوں نے امسال فی ایکڑ 40 من سے زیادہ چنائی کی ہے اور کسان سہولت بازار میں زرعی زہروں کے اسٹالز لگانے والے پیسٹی سائیڈز کے ڈیلرز،محکمہ زراعت توسیع تاندلیانوالہ اور پیسٹ وارننگ کے فیلڈسٹاف اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ فیصل آباد نے بھی شرکت کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال سیکرٹری زراعت پنجاب کی سربراہی میں کپاس کی کاشت کا نہ صرف ہدف حاصل کیا گیا بلکہ بھرپور اور ریکارڈ پیداوار بھی حاصل کی جارہی ہے اور ابھی تک پی سی جی اے کی رپورٹ کے مطابق45 لاکھ سے زائد کپاس کی گانٹھیں حاصل کی جاچکی ہیں اور امید ہے نوے لاکھ سے زائد گانٹھوں کا ہدف آسانی سے حاصل کیا جاسکے گا۔
نگران حکومت پنجاب اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے سفید مکھی کے خلاف جدید کیمسٹری والی زرعی زہریں مفت مہیا کر رہی ہے، اس لئے کپاس کے تمام کاشتکار حضرات اپنی فصل پر توجہ مرکوز رکھیں اور بہترین پیداوار حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ پیداواری مقابلہ کپاس کا انعقاد کرایا جارہا ہے جس میں لاکھوں روپے کا انعام ضلع سطح سے لے کر صوبہ تک ہے۔تمام شرکاء نے واک میں شرکت کی اور کپاس کی اہمیت کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔کاشتکاروں نے عالمی یوم کپاس کے موقع پر کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے پر محکمہ زراعت توسیع پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔