تباہ کن سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سے گفتگو

تباہ کن سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی سے گفتگو

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا زہریلی گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے، حالیہ تباہ کن سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق اور 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں، اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے، بحالی اور تعمیرنو کیلئے بین الاقوامی حمایت، یکجہتی اور مدد درکار ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی مسٹر ہرجیت سنگھ سجن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ایسے مشکل وقت میں جب پاکستان کو تباہ کن سیلاب کے اثرات کا سامنا ہے ، پاکستان کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ سیلاب سے 1300 سے زائد افراد جاں بحق، 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ، 40 لاکھ ایکڑ سے زائد پر فصلیں تباہ جبکہ 800,000 مویشی ہلاک ہوچکے ہیں جس سے لوگوں کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے اور نقصانات اربوں ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں یکجہتی اور امداد پر کینیڈا کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے اور حالیہ موسمیاتی تبدیلیاں اور تباہ کن سیلاب اس کا ثبوت ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں حکومت کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے کے لئے بھی مسلسل بین الاقوامی حمایت، یکجہتی اور مدد کی ضرورت ہوگی۔

وزیراعظم نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، پائیدار اقتصادی ترقی اور صحت کے شعبوں سے متعلق منصوبوں میں معاونت پر کینیڈا کی حکومت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بہتر تعمیر کی حکمت عملی پر عمل کرے گا،

پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے والے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو کے لئے ماہرین اور تکنیکی امداد کی ضرورت ہو گی تاکہ مستقبل میں قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے بچا جا سکے۔ کینیڈا کے وزیر ہرجیت سنگھ سجن نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ کینیڈا کی حکومت سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کرے گی۔