تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر6فیصدکی کمی، ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر13فیصد،درآمدات میں 5فیصدکی نموریکارڈ

137
Pakistan Bureau of Statistics.
Pakistan Bureau of Statistics.

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سالانہ بنیادوں پر6فیصدکی کمی ہوئی ہے، جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر13فیصدجبکہ درآمدات میں 5فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2024تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کاحجم 6.974 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 7.387ارب ڈالرکے مقابلہ میں 6فیصدزیادہ ہے،

اکتوبرمیں تجارتی خسارہ کاحجم 1.498ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوستمبرکے مقابلہ میں 18فیصداورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 31فیصدکم ہے، ستمبرمیں پاکستان کاتجارتی خسارہ1.820 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 2.174ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے چارماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 10.880 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.590 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 13فیصدزیادہ ہے۔

اکتوبرمیں برآمدات سے ملک کو2.975ارب ڈالرکاززرمبادلہ حاصل ہواجوستمبرکے مقابلہ میں 5فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 11فیصدزیادہ ہے، ستمبرمیں ملکی برآمدات کاحجم 2.836ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 2.689 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے چارماہ میں ملکی درآمدات پر17.854 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 16.977 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 5فیصدزیادہ ہے، اکتوبرمیں درآمدات پر4.473 ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوستمبرکے مقابلہ میں 4فیصد اورگزشتہ سال اکتوبرکے مقابلہ میں 8فیصدکم ہے، ستمبرمیں پاکستان کی درآمدات کاحجم 4.656 ارب ڈالر اورگزشتہ سال اکتوبرمیں 4.863 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔