تجارتی خسارہ میں مالی سال کے پہلے مہینہ میں سالانہ بنیادوں پر41.2 فیصدکی کمی ریکارڈ

108
تجارتی خسارہ

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی): ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے مہینہ میں سالانہ بنیادوں پر41.2 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی 2023 میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 1.61 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی کے مقابلہ میں 41.2 فیصدکم ہے، گزشتہ سال جولائی میں تجارتی خسارہ کاحجم 2.73 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا، جون کے مقابلہ میں جولائی میں تجارتی خسارہ میں ماہانہ بنیادوں پر13.7 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جون میں تجارتی خسارہ کاحجم 1.86 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا جوجولائی میں کم ہوکر1.61 ارب ڈالرہوگیا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے ماہ میں برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8.6 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی، جولائی میں ملکی برآمدات کاحجم 2.06 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی میں 2.25 ارب ڈالرتھا، مئی کے مقابلہ میں جون میں برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر13.7 فیصدکی کمی ہوئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے مہینہ میں درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر26.4 فیصدکی کمی ہوئی ہے، جولائی 2023 میں ملکی درآمدات کاحجم 3.66 ارب ڈالرریکارڈکیا گیا جوگزشتہ سال جولائی میں 4.98 ارب ڈالرتھا۔