اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی اے پی)نے کہا ہے کہ جرمنی میں30نومبر سے ہونے والی بین الاقوامی تجارتی نمائش ’’ آئی ایس پی او 2025 ‘‘میں شرکت کے لئے 10جولائی تک درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں ۔
ٹی ڈی اے پی کے مطابق نمائش جرمنی میں 30 نومبر سے2 دسمبر تک جاری رہے گی جس میں سپورٹس وئیر ،مارشل آرٹس ، ونٹر سپورٹس ، سپورٹس شوز ، فٹنس کا سامان ، فیبرکس ، سکی سروسنگ ڈیوائسس اور دستانوں سے وابستہ افراد و ادارے اپنی مصنوعات عالمی خریداروں کے سامنے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے کاروباری معاملات طے کرسکیں گے۔ نمائش کے حوالے سے مزید تفصیلات اتھارٹی کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔