تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے کثیر الجہتی تعلقات کا کلیدی جزہیں، سید نوید قمر کی یورپی یونین کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کے چیئرمین اور یورپی یونین کے ایگریکلچر کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

127
تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے کثیر الجہتی تعلقات کا کلیدی جزہیں، سید نوید قمر کی یورپی یونین کی بین الاقوامی تجارتی کمیٹی کے چیئرمین اور یورپی یونین کے ایگریکلچر کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

برسلز۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے کثیر الجہتی تعلقات کا کلیدی جزو ہیں ،جی ایس پی پلس ایک باہمی فائدہ مند اقدام ہے جس نے یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، توقع ہے کہ نیا جی ایس پی پلس ریگولیشن استفادہ کرنے والے ممالک میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور گڈ گورننس میں معاونت کے اپنے مرکزی اصولوں پر توجہ مرکوز کرتا رہے گا۔

برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ کی طرف سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے بین الاقوامی تجارت کے چیئرمین رکن یورپی پارلیمنٹ برنڈ لینج سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر تجارت نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے کثیر الجہتی تعلقات کا کلیدی جز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس ایک باہمی فائدہ مند اقدام ہے جس نے یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ پاکستان کی دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ معاشی استحکام اور ترقی خاص طور پر تباہ کن سیلاب کے بعد موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات ہیں اور یورپی یونین ان مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان کا ایک بڑا شراکت دار ہے۔

نوید قمر نے اس بات پر زور دیا کہ جی ایس پی پلس دونوں فریقوں کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے ایک بہترین مثال ہے، کیونکہ 2014 میں اسکیم کے آغاز کے بعد سے پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں86 فیصد جبکہ یورپی یونین کی پاکستان کو برآمدات میں69 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا جی ایس پی پلس ریگولیشن فائدہ اٹھانے والے ممالک میں پائیدار ترقی، غربت کے خاتمے اور گڈ گورننس میں معاونت کے اپنے مرکزی اصولوں پر توجہ مرکوز کرتا رہے گا۔ بین الاقوامی تجارت کے چیئرمین رکن یورپی پارلیمنٹ برنڈ لینج نے وزیر تجارت سید نوید قمرکا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا جس میں بہتری کے لئے وفود کے تبادلے بھی شامل ہیں۔

یوروپی کمشنر برائے زراعت اور دیہی ترقی مسٹر جانوس ووجشیچوسکی سے ملاقات کے دوران وزیرتجارت سید نوید قمر نے زراعت کے شعبے میں خاص طور پر زرعی صنعتوں کو جدید بنانے، ذخیرہ کرنے کی سہولیات کی توسیع، تحقیق، پانی کے انتظام، فوڈ سیکیورٹی اور سیلاب سے بچائو میں پاک۔یورپی یونین تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ایک علیحدہ ملاقات میں سید نوید قمر نے بین الاقوامی تجارت کی کمیٹی میں ٹریڈ مانیٹرنگ گروپ برائے جنوبی ایشیا کے مقررہ نمائندے، رکن یورپی پارلیمنٹ میکسی ملین کراہ سے ملاقات کی اور رکن یورپی پارلیمنٹ کو پاک یورپی یونین کے تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری 23 سے 29 اکتوبر 2022 تک ایک ہفتہ کے سرکاری دورے پر برسلز کا دورہ کر رہے ہیں۔