تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ، وزیراعظم کی ایرانی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

164

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے،پولان گوادر منصوبے کے ذریعے ایران سےاضافی 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، عالمی برادری کی مسلسل حمایت سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنی امنگوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل کریں گے، افغان عوام کو منجمد اثاثوں تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر سید علی محمد حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے بلوچستان میں جنگلات کی آگ پر قابو پانے کے لیے ایران کی بروقت مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہمارے دونوں ممالک اور عوام کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور مشترکہ جغرافیہ، مشترکہ ورثے اور عوام سے عوام کے روابط پر مبنی دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمارے تاریخی تعلقات کے پیش نظر اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ دونوں ممالک کو شایان شان طریقے سے منانا چاہیے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں موجود وسیع گنجائش کی رکاوٹوں پر قابو پا کر اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کر کے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے پولان گوادر منصوبے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا جس کے ذریعے ایران سے پاکستان کو اضافی 100 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر ایران اور بالخصوص سپریم لیڈر کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر مسلسل حمایت پر شکریہ اداکیا ا ور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری کی مسلسل حمایت سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور ان کی اپنی خواہشات کے مطابق اپنا حق خودارادیت حاصل کریں گے۔ افغانستان میں انسانی اور معاشی صورتحال کی خرابی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے عوام کو منجمد اثاثوں تک رسائی فراہم کی جانی چاہیے۔

انہوں نے افغانستان کی صورتحال پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطےکو سراہا۔ ایران کے سفیر سید علی محمد حسینی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر ایرانی قیادت کی طرف سے مبارکباد دی اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے افغانستان سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی مشاورت کو بھی اجاگر کیا۔ اعلیٰ سطحی دوروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی