24.9 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومتجارتی خبریںتجارت کو فروغ دینے کے لئے بزنس کمیونٹی کے تعاون سے ایکسپورٹ...

تجارت کو فروغ دینے کے لئے بزنس کمیونٹی کے تعاون سے ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن روڈ میپ ترتیب دیا جائے ، ناصر منصور قریشی

- Advertisement -

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان کا معاشی مستقبل برآمدات میں اضافے کے ذریعے بین الاقوامی منڈیوں میں اپنے قدم جمانے میں مضمر ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے حکومت کو کاروبار کرنے کی لاگت کو کم کرنے اور پاکستانی مصنوعات اور خدمات کی عالمی منڈیوں تک آسان رسائی کو یقینی بنا کر ایک سازگار ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔بدھ کو اپنے ایک بیان میں آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکسٹائل، آئی ٹی، فارماسیوٹیکل اور انجینئرنگ کے سامان سمیت مختلف اہم شعبوں میں برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ برآمدات کے طریقہ کار کو آسان بنائے اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے مستقل سپورٹ یقینی بنانے۔سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے ایسی اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا جس سے پیداواری لاگت کم ہو اور برآمد کنندگان کے لئے سازگار ماحول پیدا ہو۔نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے علاقائی تجارتی معاہدوں کے تحت دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے افریقہ، وسطی ایشیا اور لاطینی امریکہ جیسی غیر روایتی منڈیوں میں طبع آزمائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ترقی کی نئی راہیں کھولنے کے لئے بین الاقوامی نمائشوں اور تجارتی وفود میں پاکستانی کاروباری اداروں کی مضبوط نمائندگی پر بھی زور دیا۔

- Advertisement -

آئی سی سی آئی کی قیادت نے اسلام آباد کی تاجر برادری کے برآمدات کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مضبوط سہولت فراہم کرے اور پالیسیوں میں مستقل مزاجی کو یقینی بنائے تاکہ پاکستان عالمی منڈی میں مضبوط اور زیادہ پائیدار موجودگی کو محفوظ بنا سکے۔ انہوں نے پالیسی سازوں کے ساتھ مل کر ایک ایکسپورٹ فیسیلیٹیشن روڈ میپ تیار کرنے کی پیشکش کی جو دنیا بھر میں پاکستان کی تجارتی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے طور پر کام کرے گی۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں