تجاوزات مافیا، نو پارکنگ اور ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی،88سے زائد گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے چالان

87

راولپنڈی۔21اگست (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے ضلع راولپنڈی میں تجاوزات مافیا، نو پارکنگ اور ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ پیدا کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر دیے۔پیر کو سینئر ٹریفک آفیسر راولپنڈی منیر احمد ہاشمی نے اپنی زیر نگرانی راجہ بازار سمیت راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر تجاوزات اور نو پارکنگ کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے شاہراہوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرواتے ہوئے ریڑھیوں کو قبضہ میں لیا جبکہ نو پارکنگ اور ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ پیدا کرنے پر88سے زائد گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے ۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ ضلع راولپنڈی میں ٹریفک کی روانی کومزید بہتر بنانے کےلئے غلط پارکنگ،نو پارکنگ اور تجاوزات مافیا کیخلاف بلا تفریق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔تجاوزات کے خاتمہ کےلئے متعلقہ ادارے کیساتھ ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کو جاری رکھیں گے جسکے لئے متعلقہ سرکل انچارجز بھر پور معاونت فراہم کریں گے۔

تجاوزات کیخلاف آپریشن کے بعد چیک اینڈ بیلنس بھی رکھا جائے گا تا کہ وہ دوبارہ اپنی حدو د سے تجاوز نہ کریں ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ شاہراہوں پر نو پارکنگ اور تجاوزات ٹریفک جام کا سبب بننے کے ساتھ شہر کی خوبصورتی کو بھی متاثر کرتی ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوتا ہے بلکہ دوسرے روڈ یوزرز کوبھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مشترکہ آپریشن سے عوام الناس کو ٹریفک کی روانی میں ایک واضح بہتری نظر آئے گی ۔