اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد نے تحریک انصاف کے تنظیمی ڈھانچے کو تحلیل کرنے کے حوالے سے اطلاعات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ پی ٹی آئی آئین کی روشنی میں ملک گیر تنظیموں کا اعلان کر چکی ہے، مجموعی طور پر آئینی سکیم پر نظرثانی کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری وضاحتی بیان میں احمد جواد نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے محض ریجنز کی تشکیل پر اصولی اتفاق ہوا ہے اور اس سلسلے میں مرکزی مجلس عاملہ سے مشاورت حتمی مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح کی تنظیم تحلیل کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ ہر سطح کا تنظیمی ڈھانچہ بدستور موجود اور فعال ہے،کسی بھی فیصلے کی صورت باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا غیر مصدقہ اور حقائق کے منافی خبروں کی تشہیر سے گریز کرے ، بلاتصدیق اطلاعات کی ترویج و اشاعت پیشہ وارانہ بددیانتی اور غیر قانونی اقدام ہے۔