اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت بغیر کسی پریشانی اور رکاوٹ کے اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،
وزیراعظم عمران خان واحد سیاسی رہنما ہیں جو ملک کو درپیش تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے نکالنےکی صلاحیت رکھتے ہیں، عالمی برادری نے بھی دیکھا کہ وزیراعظم عمران خان ایماندار سیاسی رہنما ہیں۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنی پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر 2023 کے عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر کے دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔ زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے اور دن بدن ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک کے ہر شعبے میں معاشی اشاریے مثبت نظر آ رہے ہیں،
ترسیلات زر، برآمدات اور غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے زرعی شعبے کی ترقی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،
فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں کسان خوشحال ہوئے ہیں کیونکہ انہیں فصلوں کی پوری قیمت ادا کی جا رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت غریب لوگوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے انہیں ہیلتھ کارڈز مہیا کر رہی ہے جس سے وہ سالانہ دس لاکھ روپے تک اپنا علاج کرا سکیں گے، اس کے علاوہ کرونا بحران کے دوران بھی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پیکیج فراہم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسٹیٹسکو کے خلاف 22 سالہ جدوجہد کے بعد اقتدار میں آئے ہیں، وزیراعظم عمران خان بہادر، جرات مند اور ویژنری رہنما ہیں اور عوام کو دیانت دار قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ ایک سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف میں اگر اخلاقی جرات ہے تو وہ وطن واپس آئیں، نواز شریف طبی بنیادوں پر بیرون ملک گئے تھے لیکن آج کی تاریخ تک وہ لندن کے کسی بھی ہسپتال میں علاج کیلئے داخل نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ توہین آمیز بات ہے کہ ایک شخص جو تین بار ملک کا وزیراعظم رہا ہو برطانوی حکومت سے ویزے میں توسیع کیلئے منتیں کر رہا ہے، نواز شریف کو چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے خلاف دائر بدعنوانی مقدمات کا سامنا کریں۔