تحریک انصاف اگلے عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی

55

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اگلے عام انتخابات میں بھی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی، حکمران جماعت کو اپوزیشن سے کوئی خوف نہیں ہے، یہ لوگ حکومت گرانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں لیکن یہ کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین میں کوئی اختلاف نہیں ہے، نہ صرف حکومتی بلکہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پی ڈی ایم کو عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، یہ لوگ پارلیمنٹ کے فورم پر صرف پروڈکشن آرڈرز اور ذاتی مفادات کیلئے آوازیں اٹھاتے ہیں، اپوزیشن نے کبھی ملک کی ترقی پر بات نہیں کی۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے قریبی تعلقات ہیں، بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ اگلے عام انتخابات کی تیاری سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سندھ سمیت دیگر صوبوں سے بھی اکثریتی ووٹ حاصل کرے گی۔