تحریک انصاف حکومت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پر عزم ہے،سینیٹر شبلی فراز

81

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت انتخابی نظام میں شفافیت لانے کے اصولی موقف پر کھڑی ہے اور ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) ٹیکنالوجی کے ذریعے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے پر عزم ہیں، اپوزیشن جماعتوں کو ووٹوں کی خریدوفروخت اور دھاندلی کی عادت ہے اسلئے وہ جدید ٹیکنالوجی کی مخالفت کر رہی ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال سے سب کے تحفظات دور ہو جائیں گے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی گزشتہ 35 سال سے باری باری حکومتیں کرتی آئی ہیں لیکن ان لوگوں نے عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا تاہم وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں موجودہ حکومت ملک کی ترقی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس عوام کیلئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے، یہ لوگ پہلے بھی کئی بار حکومت کے خلاف جلسے جلوس اور احتجاج کر چکے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا کیونکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں، حالیہ لاہور کے حلقہ این اے 133 ضمنی انتخابات میں ٹرن آﺅٹ بہت کم رہا جو لوگوں کا ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر عدم دلچسپی کا مظہر ہے، وزیراعظم عمران خان دیانت دار لیڈر ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اسلئے حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ اور احتجاج سے کوئی خوف نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اگلے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے ہر طرح سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گی، ہم الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کیلئے لاکھوں کی تعداد میں ای وی ایم مشینیں فراہم کریں گے۔

سینیٹ انتخابات میں قانون سازی کے حوالے سے سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ حکومت شفافیت پر مکمل یقین رکھتی ہے، سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت کا بازار بند کرنے کیلئے حکومت قانون سازی کرنے جا رہی ہے تاکہ قابل اور اہل لوگوں کو آگے آنے کا موقع مل سکے، اپوزیشن کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیں۔