تحریک انصاف حکومت فروغ تعلیم کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ملک عامر ڈوگر

76

ملتان۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک عامر ڈوگرنے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب جدید تعلیم کے حصول کے ذریعے پورا ہو سکتا ہے،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت فروغ تعلیم کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول حسین آگاہی کو انٹرمیڈیٹ کالج میں اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات پنجاب محمد ندیم قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ماضی میں کرپشن اور کمیشن کے چکر میں قومی وسائل کو لوٹا گیا مگر موجودہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتے ہوئے قومی خزانے کو قوم کی خوشحالی اور حقیقی ریلیف دینے کےلئے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کی ترقی اور خوشحالی کےلئے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جن میں ایم ڈی اے چوک سے لودھی کالونی اور ایل ایم کیو روڈ کی کشادگی کے منصوبے شامل ہیں، جبکہ کوٹلہ تولے خان میں ایک نیا گرلز ہائی سکول بھی قائم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت اور کارکردگی کی بنیاد پر اگلا الیکشن بھی تحریک انصاف ہی جیتے گی۔ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے اورعوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ،جس سے انڈسٹری،زراعت اور ایکسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم قریشی نے کہا کہ طالبات کو گھروں کے قریب اعلی تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کےلئے گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول کو اپ گریڈ کر کے انٹرمیڈیٹ کالج کا درجہ دیا گیا ہے اس منصوبے پر چار کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، جس سے 12کلاس رومز اور چار لیبارٹریز تعمیر کی جائیں گی جہاں طالبات کےلئے جدید سائنسی آلات اورجدید فرنیچر مہیا کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں بچت کے لئے سولر سسٹم کی بھی تنصیب کی جائے گی۔ قبل ازیں ملک عامر ڈوگر اورندیم قریشی چوک لوہاری گیٹ پہنچے تو تاجرتنظمیوں اورپارٹی ورکرز نے ان کا پر تپاک استقبال کیا۔