تحریک انصاف حکومت نے کراچی کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا،سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ

58

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ گرین لائن بی آر ٹی بسیں اگلے مہینے سے چلنا شروع ہو جائیں گی جس سے کراچی کے لوگوں کا معیاری سفری سہولیات کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا، 40 بی آر ٹی گرین لائن بسوں کی پہلی کھیپ چین سے کراچی بندرگاہ میں پہنچ چکی ہے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے لیکن یہاں پر پہلی مرتبہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کا نظام متعارف کرایا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی سندھ حکومت نے عوام کو آسان بس سفر مہیا کرنے کے صرف جھوٹے وعدے کئے

لیکن وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ قیادت میں وفاقی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن بی آر ٹی پروجیکٹ سے کراچی کے شہری سستے اور معیاری سفر سے لطف اندوز ہوں گے اور ان کی ٹوٹی ہوئی اور خستہ حال بسوں سے ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائے گی۔