تحریک انصاف کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان قابل مذمت ہے ، اسحاق ڈار

131
Ishaq Dar
Ishaq Dar

لاہور۔23فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ تحریک انصاف کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان افسوس ناک او ر قابل مذمت ہے ،محمد نواز شریف اپنی پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں،معاشی مسائل پاکستان کیلئے چیلنج ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ پی ٹی آ ئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا اعلان افسوس ناک او ر قابل مذمت ہے ، تحریک انصاف آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک دشمنی ثابت کررہی ہے،آ ئی ایم ایف کے پروگرام پر تحریک انصاف کے خط کا کوئی اثر نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ، ملکی معیشت کو اپنے پائوں پر دوبارہ کھڑا کرنے کیلئے سب کو مل کر کو شش کرنا ہو گی ، پاکستان کے عوام کی مشکلات کو دور کرنا ہو گا، غربت کا خاتمہ کرنے کیلئے لوگوں کو روز گار فراہم کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ2017میں پاکستان کی معیشت دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بن گئی تھی، ملک میں صرف 4فیصد مہنگائی اور 6فیصد جی ڈی پی گروتھ تھی ، فارن ایکسچینج ریزرو اعلی ترین سطح پر تھے جس کا آج تک ریکارڈ نہیں ٹوٹا، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ پوری دنیا میں پانچویں نمبر تھی، مسلم لیگ( ن) کی حکومت ختم کرنے کے بعد پاکستان کی 24ویں معیشت، 47ویں معیشت بن گئی۔ ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ محمد نواز شریف نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی بلکہ وہ اپنی پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں،صوبائی اور قومی اسمبلی کے معاملات کو وہ خود ڈیل کر رہے ہیں۔