تحریک انصاف کا آل پارٹیز کانفرس میں شرکت سے انکار ان کی منفی اور فسطائی سوچ کا ثبوت ہے،وفاقی وزیرسینیٹرشیری رحمان ٹویٹ

77

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عمران خان کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی )میں شرکت سے انکار پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرس میں شرکت سے انکار ان کی منفی اور فسطائی سوچ کا ثبوت ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان ملکی مفادات کے معاملات پر بھی کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ تو کشمیر پر قومی یکجہتی کا حصہ بنے اور نہ ہی اب دہشتگردی کے خلاف قومی اتحاد کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان تاثر دے رہے ہیں کہ دہشتگردی صرف ملک اور قوم کا مسئلہ ہے، تحریک انصاف کا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دہشتگردی کے خلاف آل پارٹیز کانفرس میں شرکت نا کر کے دہشتگردوں کو پیغام دے رہے کہ تحریک انصاف ان کے خلاف نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان تقسیم کا پیغام دے کر دہشتگردوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کا مقصد صرف اپنے مفادات تک ہی محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قوتیں قومی بحران میں ذاتی مفادات بھول کر یکجہتی کا پیغام دیتی ہیں لیکن عمران خان کی تقسیم کی سیاست ملک دشمن قوتوں کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف مذمت کافی نہیں ہےتمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خلاف اپنا بیانیہ واضح کرنا ہوگا۔