لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کیا ہے کہ تحریک انصاف کا ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ،ان کا فیصلہ پارلیمان میں نہیں،اب میدان میں ہو گا،آج سیاست نہیں ریاست بچانے کا وقت ہے،ہم نہ اپنے منشور اور نہ اتحادی حکومت کوچھوڑ رہے ہیں،پیپلز پارٹی ملک میں آئین،جمہوریت اور پارلیمان کی بالا دستی چاہتی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر سی ای سی چودھری اسلم گل کی رہائشگاہ پر پنجاب تنظیم کے اجلاس کے بعد عثمان ملک،رانا جواد،میاں ایوب اورچودھری اختر کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صداقت شیروانی اور ذیشان شامی بھی موجود تھے۔حسن مرتضی نے شمالی وزیر ستان میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور دیگر شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جرات مند اور دلیر جوانوں نے ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سینیٹر شیری رحمن پر حملے میں ملوث ایک سیاسی جماعت کے کارکنوں اور کانسٹیبل حمید کے قاتلوں کو فل الفور گرفتار کیا جائے ۔حسن مرتضی نے کہا کہ جو جماعت دشمن ملک کے وزیر خارجہ کو جلسے میں تقریر کی دعوت دیتی ہے،میں انہیں مکتی باہنی کی تحریک کیساتھ دیکھ رہا ہوں مگرانہیں یہ سمجھ نہیں آ رہی کہ ملک کا بچہ بچہ پاکستان کیلئے جان دینے کو تیار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ804کا شور کرنیوالے دراصل آٹھ سو چور ہیں۔یہ کیسے سیاسی کارکن ہیں جو ہمسایہ ملک کے لوگوں کو دعوت دیتے ہیں جو ہمارے قومی ترانے پر کھڑے نہیں ہوتے،انکے احتجاج میں سے سرحد پار کے ڈیڑھ سو مسلح افراد گرفتار ہوئے ہیں،وہ لاشیں گرا کر کون سا انقلاب لانا چاہتے ہیں۔ان عناصر کو ہماری فوج،رینجرز اور ایف سی نے نہایت دانشمندی سے سنبھالا جس پر میں آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہیں۔جنرل سیکرٹری پی پی وسطی پنجاب نے میڈیا سوالوں کے جواب میں کہا کہ حیران ہوں ایک صوبے کا وزیر اعلی غائب ہے حالانکہ وہ ایک لشکر کیساتھ کے پی ہائوس گیا تھا،اسکے ساتھ کمانڈو،سرکاری مشینری بھی تھی، اسے زمین نگل گئی یا آسمان۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید قائد بھٹو کو انصاف ملنے میں 45برس لگ گئے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ کریمنل اور آئینی عدالتیں الگ الگ ہوں،ہم تو صوبوں میں بھی ایسا نظام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی فلسطین اور کشمیر کاز کے ساتھ کھڑی ہے ،آج بھی پیپلز پارٹی شہید بھٹو شہید والے جذبے کیساتھ فلسطینیوں کیساتھ کھڑی ہے۔