اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر و نائب صدر پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے آصف علی زرداری کے خلاف خرید و فروخت کے الزامات من گھڑت، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ساجد طوری نے کہا کہ عمران خان جھوٹ و غلط بیانی سے عوام کر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،عمران خان نے اپنی دور حکومت میں جھوٹے وعدوں اور الزامات کے سوا کچھ نہیں کیا۔آج کے تمام مسائل کے ذمہ دار عمران خان کی نالائقی ہے، ضمنی الیکشن جیتنے کے باوجود عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ترجمان کے پاس سوائے گالیوں اور بد زبانی کے کوئی ثبوت نہیں جبکہ عمران خان نے ہر ادارے اور ہر سیاسی مخالف پر الزامات لگائے ہیں جس عدالت نے عمران خان کو صادق اور امین کہا تھا اسی عدالت نے انہیں غیر آئینی قرار دیا ہے، تحریک انصاف کے ٹوٹنے کے ذمہ دار آصف علی زرداری نہیں بلکہ عمران خان خود ہیں۔