تحریک انصاف کی حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں میڈیا پر کبھی بھی کوئی پابندیاں عائد نہیں کیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

52

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں میڈیا پر کبھی بھی کوئی پابندیاں عائد نہیں کیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں سب کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تبادلہ خیال کے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت عام آدمی کے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کے لئے ملک میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور گڈ گورننس کو یقینی بنارہی ہے، حکومت وسیع تر قومی مفاد میں تمام سٹیک ہولڈرز اعتماد میں لینے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ذاتی سیاسی مفادات کی سیاست کرنے کی بجائے پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو حل کے حوالے سے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔