تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار آئی تو ملک کا اقتصادی خسارہ800 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا،وزیر خزانہ اسد عمر

65

اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ صرف برآمدات میں اضافے کے ذریعے بیرونی قرضوں پر انحصار ختم کیا جا سکتا ہے، بصورت دیگر ہمیں ملکی امور چلانے کے لیے آئی ایم ایف سے قرضے لینے کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت برسراقتدار آئی تو ملکی اقتصادی خسارہ 800 ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک بشمول ایران، افغانستان، چین اور سعودی عرب کے ساتھ تجارت میں اضافہ کر سکتے ہیں، سعودی عرب نے گوادر پورٹ کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اسی طرح ایران کے ساتھ ہمارے برادرانہ اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں، اس وقت ایران کے ساتھ پاکستان کا تجارتی حجم 1.5 ارب ڈالر ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پائے جاتے ہیں، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے تمام ممالک کا خیر مقدم کریں گے۔ ایک سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا ، چین کے صدر اور وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔