اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے ملکی معیشت کو جتنا نقصان پہنچایا اتنا کوئی دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا تھا جبکہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر سیاست کر رہی ہے لیکن عملی طور پر غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی اقدمات نہیں کئے، تحریک انصاف واحد حکومت ہے جو عوام اور ملک کے ساتھ مخلص ہے اور تباہ حال معیشت کو دوبارہ فاسٹ ٹریک پر لانے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔
ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت ترقیاتی اہداف کے حصول اور توانائی بحران کے جلد خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو تقویت مل سکے جبکہ موجودہ حکومت عوام کا پیسہ ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے گزشتہ چند سالوں کے دوران ملک کو صحیح سمت کی جانب گامزن کر دیا ہے اور کورونا وائرس بحران کے بعد ملکی معیشت دوبارہ ٹریک پر آ گئی ہے جبکہ ہم معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان رینیوایبل انرجی، ڈیموں کی تعمیر، زراعت، صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں بہتری کا مظاہرہ کر رہا ہے، وبا سے نمٹنے اور معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے درمیان توازن پیدا کرنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح تھی تاکہ لوگوں کو وبا کے ساتھ ساتھ بھوک سے بچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی گروتھ کا براہ راست معاشرے سے جڑے ہوئے تمام افراد سے ہے، ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے اور یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے ن لیگ کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے اپنے دور حکومت کے دوران قومی اداروں کو تباہ کر دیا تھا، پاکستان سٹیل ملز، واپڈا اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز جیسے منافع بخش ادارے خسارے میں چلے گئے، موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔