اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے مقابلہ میں کم لاگت میں موٹرویز تعمیر کی ہیں،ماضی کی حکومتوں نے قرضوں کی مد میں انبار چھوڑے ، وزیر اعظم عمران خان نے شاہراہوں کی تعمیر پر شفافیت کو یقینی بنایا ۔
اتوار کو یہاں پی آئی ڈی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں موٹرویز کے منصوبوں میں کرپشن کی کہانیاں کیپٹل ازم کے نام سے شائع ہونے والی کتاب میں موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10سال ملک کی تاریخ میں سیاہ ترین دور تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہر جگہ قوم کے پیسہ کی بچت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے نواز شریف کے بارے میں لازمی سنا ہوگا کہ ” اگر کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے ” ۔ مراد سعید نے کہا کہ وزارت کی ویب سائٹ پر پی ٹی آئی اور پی ایم ایل (این) کے معاہدوں کی تفصیلات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد تا لاہور 107کلو میٹر زائد موٹروے تعمیر کرنے پر قوم کے پیسے ضائع کئے ۔
مراد سعید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں قرضے لیکر موٹر ویز کی تعمیر پر زیادہ اخراجات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے موٹر ویز کی تعمیر پر اربوں روپے کا نقصان کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قرضے لیکر موٹر ویز کی تعمیر کے خلاف تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے موٹرویز کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنا کر بہت بڑی رقم بچائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام نئی ہائی ویز اور موٹر ویز بی او ٹی بنیاد پر تعمیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ٹھیکوں میں کمیشن اور رشوت کے خلاف تھی اور اس حوالہ سے شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے اور وزارت کی ویب سائٹ پر تمام ٹھیکوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ مراد سعید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گذشتہ تین سال کے دوران تقریباً 1753کلو میٹر طویل سڑکوں کا نیٹ ورک تعمیر کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے 6118کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کے مزید منصوبے بھی تیار کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام تر ٹھیکوں کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر رکھا ہے۔ انہوں موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے موٹرویز کی تعمیر کے اخراجات کا موازنہ بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مواصلات نے ہائی ویز کے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بد عنوانی اور کمیشن خوری کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے شفافیت سے قوم کا پیسہ بچایا اور یہ ہمارے اوپر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم قوم کا پیسہ ضائع نہ کریں۔
انہوں نے ماضی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرپشن اور کمیشن سے پاکستانی عوام کا خون نچوڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال پاکستان کی تاریخ کا تاریک ترین عشرہ تھا ۔
نواز شریف نے اپنے دور میں مواصلات کی وزارت اپنے پاس رکھی تھی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ایک موٹر وے بھی قرضے لیکر نہیں بنا رہے بلکہ بی او ٹی کے تحت سرمایہ کاری کی بنیاد پر تعمیر کر رہے ہیں۔