اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی فائنل کال پر کوئی نہیں نکلا، حیران کن طور پر تحریک انصاف کی پاکستان بھر سے اپنی لیڈرشپ بھی کہیں نظر نہیں آئی ، اس فلاپ شو کے بعد حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے ۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ انتشار، تقسیم اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کو خیرباد کہہ چکے ہیں ،اس کا عملی مظاہرہ پاکستان نے 24 نومبر کو دیکھا جب کے پی کے سے چند ہزار لوگوں کے علاوہ پورے پاکستان سے تحریک انصاف کی “فائنل کال” پر کوئی نہیں نکلا ، حیران کن طور پر تحریک انصاف کی پاکستان بھر سے اپنی لیڈرشپ بھی کہیں نظر نہیں آئی اور صرف کے پی کے حکومت کا سپانسرڈ مارچ نظر آیا جس پر صوبے کے تمام وسائل پانی کی طرح بہائے گئے ،لوگوں کو پیسے دے کر اور سرکاری ملازمین کو سول کپڑے پہنا کر اسلام آباد کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح حکم کے باوجود تحریک انصاف نے احتجاج جاری رکھا ہوا ہے ،اب دیکھنا یہ ہے کہ معزز عدالت تحریک انصاف کے لیڈرز کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کب شروع کرتی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ عمران نیازی اور بشریٰ بی بی کی ہزاروں صفائیوں کے باوجود کہ بشریٰ بی بی ایک گھریلو خاتون ہے وہی خاتون ایک انتہائی فرسودہ سیاسی تقریر کے بعد تحریک انصاف کے اس اسلام آباد پر حملے کو لیڈ کر رہی ہے اور جب اس پارٹی کے شر پسندوں کو انتشار پھیلانے پر پکڑا جائے گا تو یہ سیاسی قبضے کی شوقین انتہائی سیاسی عورت دوبارہ گھریلو عورت بن جائے گی اور لبرل بریگیڈ پردہ اور چار دیواری کا چورن بیچنا شروع کر دے گی۔
رانا مشہود احمد نے کہا کہ ایک اور اہم بات جو تشویشناک ہےکہ جب بھی پاکستان میں کوئی غیر ملکی وفد موجود ہوتا ہے یہ پارٹی اسلام آباد پر حملے کی کال دے دیتی ہے یہ کوئی محض اتفاق نہیں بلکہ گولڈ سمتھ پلان کا پکا حصہ ہے جو با شعور عوام اب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فلاپ شو کے بعد حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے ، پورا زور لگانے کے بعد بھی صرف کے پی کے سے پیسے دے کر لائے جانے والے چند ہزار لوگ ریاست پر حملہ آور ہیں جن سے ریاست اچھی طرح نمٹ لے گی اور ان کے کسی بھی فرسودہ مطالبہ پر کوئی کان بھی نہیں دھرا جائے گا۔