تحریک انصاف کی قیادت آنے والی نسلوں کی کامیابی و کامرانی اور خوشحالی کی سوچ لے کر چل رہی ہے اور یہی نیا پاکستان ہے، صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ

85
مسئلہ کشمیر محض کسی خطہ ارضی کا معاملہ نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، راجہ راشد حفیظ
حکومت پنجاب دین کی لازمی تعلیم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید پیشہ ورانہ علوم و فنون کے فروغ کیلئے انقلابی منصوبے شروع کر رہی ہے ،راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی ۔ 23 جولائی (اے پی پی) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت آنے والے الیکشن میں اپنی کامیابی کی سوچ کے ساتھ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی کامیابی و کامرانی اور خوشحالی کی سوچ لے کر چل رہی ہے اور یہی نیا پاکستان ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیرون ملک سے تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں کارکنوں سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ امریکا کے کیپیٹل ون ایرینا سٹیڈیم میں وہاں کی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع نے عمران خان کا نہیں بلکہ اس سوچ، فکر اور ویژن کا استقبال کیا ہے جو وہ اپنی قوم اور ملک کےلئے رکھتے ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں سمیت تمام مفاد پرست ٹولوں اور عمران خان کے درمیان یہی بنیادی فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا قوم کی توقعات سے کہیں بڑھ کر کامیاب ہوا ہے جس میں امریکی صدر نے خود مسئلہ کشمیر کے حل میں امریکی ثالثی کی پیشکش کی۔ یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے، ہماری حکومت اشتہار بازی کے بجائے عملی محاذوں پر کام کر رہی ہے۔