تحریک انصاف کی ناقص حکومت کی وجہ سے ڈینگی کی صورتحال بگڑی ، عمران خان دور میں کرپشن کے نئے باب رقم ہوئے، خواجہ سلمان رفیق، رانا مشہود احمد

349

لاہور۔3نومبر (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سلمان رفیق اور رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی ناقص حکومت کی وجہ سے ملک میں ڈینگی کی صورتحال بگڑی ہے، کے پی کے میں ڈینگی کے 15ہزار سے زائد مریض موجود ہیں،خیبر پختونخواہ اور پنجاب حکومت نے ڈینگی کے حوالے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، عمران خان کے دور میں کرپشن کے نئے باب رقم ہوئے،ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی لیکن عمران خان کہیں نظر نہیں آئے ،موثر حکمت عملی کے بغیر ڈینگی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جمعرات کے روز مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی سے2درجن سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ سال 55 افراد ڈینگی سے فوت ہوئے تھے،میں ثبوت کے ساتھ یہ بات کہتا ہوں کہ تحریک انصاف کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ڈینگی کی صورتحال بگڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی ،گوجرانوالہ اور ملتان میں ڈینگی کے مریضوں کی بہت بڑی تعداد اس مرض میں مبتلا ہورہی ہے،چارسدہ، کے پی کے اوربٹگرام کے علاقوں میں ڈینگی کی وباء پھیل چکی ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام صوبوں کو موثر حکمت عملی اپنانی چاہیے تاکہ لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں،پنجاب میں اس وقت ڈینگی کی نازک صورتحال ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت پنجاب کی ساری کابینہ کو لے کر’رانگ مارچ‘ اور جزوی مارچ کررہے ہیں جس کا کوئی مقصد نہیں ہے،عمران خان ایک مرتبہ پھر مارچ کر کے پاکستان اور چین کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔سلمان رفیق نے کہا کہ ڈینگی پنجاب اور کے پی کے میں سر اٹھا رہا ہے اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے نہ کہ لانگ مارچ کی طرف۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ملک میں سیلاب نے تباہی مچائی لیکن عمران خان کہیں نظر نہیں آئے،عمران خان کے دورمیں چار سال میں ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنا،ان کے دور میں کرپشن کے نئے باب رقم ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ایک روپے کی بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہوئی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا اور کشمیر کا مقدمہ بھر پور انداز میں پیش کیا،عمران خان اور پی ٹی آئی کا ایک ہی مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان عوام سے سیلاب متاثرین کی مد میں پیسے اکھٹا کرکے جلسے جلوسوں پر خرچ کر رہا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج پنجاب اور کے پی کے میں ڈینگی کی صورتحال بگڑ چکی ہے لیکن پنجاب اور کے پی حکومت کے اندر بے حسی نظر آرہی ہے،ڈینگی کے مریض اپنی مدد آپ کے تحت علاج کروا رہے ہیں،ہسپتالوں میں ڈینگی کی ادویات کی عدم دستیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اس کی پارٹی کی ساری توجہ لانگ مارچ اور جلسے جلوسوں پر لگی ہوئی ہے،عمران خان کے چار سالہ دور حکومت میں ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنا،پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں پاکستانی قوم کو آئی ایم ایف کے آگے غلام بنایا اور ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا،عمران خان نے اپنے دور میں فرح گوگی اور اپنی اہلیہ کو اینٹی کرپشن کی جانب سے کلین چٹ دلوائی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے عیاں ہو چکا ہے،وہ صرف اقتدار چاہتا ہے اسے سیلاب متاثرین اور ملکی معیشت کی بحالی سے کوئی سروکار نہیں،2014میں بھی عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سی پیک کو ایک سال کے لیے ملتوی کیا گیا۔

رانا مشہود نے کہا کہ عمران خان کے چار سالہ دور میں ایک روپے کی بھی بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئی،جو سرمایہ کاری ہوئی اس کا بھی بیڑہ غرق کر دیا،پی ٹی آئی نے بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک سے بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سڑکوں پر ذلیل و خوار ہو رہا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ میں تاریخی خطاب کر کے آئے، اسلامو فوبیا کا مقدمہ بھر پور انداز میں پیش کیا اور کشمیر کے حوالے سے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے ذاتی لالچ کی وجہ سے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب کئے،یہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ تعلقات دوبارہ بحال کئے ہیں ۔