تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تمام ارکان متحد ہیں،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود

106

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں تمام ارکان متحد ہیں، اس وقت وزیراعظم عمران خان ملک کے واحد مقبول ترین لیڈر ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور بڑی سیاسی جماعتوں کے اندر ارکان کے تحفظات ہوتے ہیں یہ کوئی انہونی چیز نہیں ہے، ساری جماعتوں کے اندر رنجشیں ہوتی رہتی ہیں اور ایسے واقعات سے تاریخ بھری ہوئی ہے، تحریک انصاف کے تمام ارکان جماعت کے ساتھ وفادار ہیں اور وہ وزیراعظم عمران خان کو اپنا لیڈر قبول کرتے ہیں، جہانگیر ترین سمیت آج تک کسی بھی ارکان نے یہ نہیں کہ وہ تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن مختلف گروپس میں تقسیم ہے، نواز اور شہباز گروپ آپس میں لڑ رہے ہیں، یہ لوگ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور مذموم مقاصد کے حصول کیلئے منفی سیاست کر رہے ہیں لیکن یہ کبھی بھی اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

شہباز شریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار سمیت آدھی شریف فیملی مفرور ہے، شہباز شریف بھی بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے، موجودہ حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کا واضح موقف ہے کہ انہیں بیرون ملک نہیں جانے دیا جائے گا کیونکہ وہ نواز شریف کے ضامن ہیں۔ ملکی معیشت پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کے باوجود معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ سرپلس میں جا رہا ہے، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ ہوا ہے، سیمنٹ کی فروخت بڑھی ہے، معاشی اشاریے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شفقت محمود نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین قومی مفاد میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں، مختلف ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی پروگراموں کے ذریعے عوام کو ریلیف مہیا کر رہے ہیں۔