اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بھرپور انداز سے سینیٹ انتخابات لڑے گی اور ہم کامیابی کیلئے پر عزم ہیں، اپوزیشن جماعتیں سینیٹ انتخابات کے بعد پھر روئیں گی، عوام نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو مسترد کر دیا ہے، لوگوں کی امیدیں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وابستہ ہیں، وہ جانتے ہیں کہ صرف وزیراعظم عمران خان ہی ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ءانتخابات میں سب جماعتوں نے کہا کہ دھاندلی ہوئی اور تحریک انصاف نے سب سے زیادہ پٹیشنز دائر کیں، ہم نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا اور بعدازاں ان میں دھاندلی ثابت ہوئی تھی،2017ءمیں الیکشن ریفارمز کمیٹی بنی جس میں تحریک انصاف کے لوگ بھی شامل تھے لیکن ہم نے تنگ آ کر اس کا بائیکاٹ کر دیا تھا کیونکہ اپوزیشن جماعتیں اصلاحات کیلئے سنجیدہ نہیں تھیں۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہر انتخابات کے بعد دھاندلی کا واویلا کیا جاتا ہے، تحریک انصاف ہمیشہ سے آزادانہ اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے اور ہم نظام کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کہ ایسا نظام لایا جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، انتخابی اصلاحات کے بغیر انتخابات کا نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا، اپوزیشن جماعتوں کو دعوت ہے کہ وہ آئیں اور الیکٹورل ریفارمز میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں پیسے کے استعمال اور خریدوفروخت سے سیاستدان بدنام ہوئے ہیں، موجودہ حکومت سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانا چاہتی ہے تاکہ خریدوفروخت کا خاتمہ ہو سکے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ن لیگ جی ٹی روڈ کی جماعت تک محدود ہو گئی ہے، تحریک انصاف 2018ءعام انتخابات میں ڈسکہ اور کرم کی سیٹیں ہاری ہوئی تھی لیکن ضمنی انتخابات میں ہمیں دونوں سیٹوں میں کامیابی ملی، ہمارا ووٹ بینک بڑھا ہے، تحریک انصاف کو جن سیٹوں میں ناکامی ہوئی وہاں سے ہم پہلے بھی ہارے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسا نظام لا رہی ہے جس کے بعد پارلیمنٹیرینز صرف قانون سازی کریں گے جبکہ ترقیاتی کاموں کی ذمہ داری لوکل گورنمنٹ پر ہو گی، تحریک انصاف لوکل گورنمنٹ انتخابات میں بڑی طاقت بن کر ابھرے گی۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ تیرہ سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن وہاں پر لوگ آج بھی بنیادی حقوق سے محروم ہیں،
شہریوں کو سرکاری ایمبولینس کی سہولت ، پینے کا صاف پانی میسر نہیں اور آج بھی گندم چوری کے اسکینڈل سامنے آ رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں سات سالہ دور حکومت کے دوران لوگوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس دینے کے ساتھ ساتھ پولیس اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، صنعتیں فروغ پا رہی ہیں اور لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں اضافہ ہوا ہے۔