تحریک انصاف کے اندر کوئی گروپ نہیں ہے، تحریک انصاف ایک فیملی تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی، سینیٹر فیصل واوڈا

61

اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اندر کوئی گروپ نہیں ہے، تحریک انصاف ایک فیملی تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی، وزیراعظم عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور ان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک فیملی ہے، فیملی کے اندر مسئلے مسائل ہوتے رہتے ہیں، تحریک انصاف کے جن ارکان کے تحفظات ہیں، انہیں دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ اگر مجھے برا بھلا کہہ دیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے، میرے خلاف بھی تحریک انصاف ارکان کی جانب سے ذاتی حملے کئے گئے لیکن میں نے کبھی جواب نہیں دیا کیونکہ یہ میری فیملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ارکان اپنی جماعت کو مزید مضبوط بنانے اور اس کی ساکھ اور مقبولیت بڑھانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔