تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کالج گراونڈ ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب

77

ایبٹ آباد۔ 8 جولائی (اے پی پی)پاکستان تحریک ا نصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اورآصف زرداری نے میثاق جمہوریت کے نام پر10سال لوٹ مار کی ، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، نواز شریف نے 3 سوارب روپے چوری کرکے بیرون ممالک اپنے بچوں کی 16کمپنیوں کو منتقل کئے ،ملک کا پیسہ چوری کرکے بیرون ممالک بھیجنے والے کو ’مجھے کیوں نکالا“ کا جواب احتساب عدالت نے دے دیا ہے ،نواز شریف پاکستان واپس آکر نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش نہ کریں ، عوام کو چوری کئے گئے پیسہ کا حساب دیں۔25جولائی کو پاکستان اورنوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، اللہ نے قوم کواپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے،عوام آزاد امیدواروں کو نہیں ،تحریک انصاف کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں۔عالمی استعماری طاقتوں کو خوش کرنے کےلئے ختم نبوت کے حلف میں تبدیلی کی کوشش کی گئی ۔وہ اتوار کو کالج گراونڈ ایبٹ آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر ایبٹ آباد کے حلقہ این اے 15سے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار علی اصغرخان،این اے 16سے علی خان جدون،پی کے 36سے نذیر عباسی،پی کے 37سے سردار وقار نبی،پی کے 38سے قلندرخان لودھی اورپی کے 39سے مشتاق احمد غنی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔عمران خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اورآصف زرداری نے 10سال باریاں لگائیں۔پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران مسلم لیگ(ن)نے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے دوران پیپلز پارٹی نے فرینڈلی اپوزیشن کا کردار اداکرتے ہوئے لوٹ مار کی کھلی چھٹی دی۔