اسلام آباد ۔ 3 اپریل (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چودھری نے بدھ کوملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے بڑھتے ہوئے مظالم کی شدید مذمت اہلِ کشمیر کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ اہل کشمیر کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ کے چارٹر سے مکمل ہم آہنگ اور ہر لحاظ سے جائز ہے، پاکستان تحریک انصاف اہلِ کشمیر کی تحریک حقِ خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے، تنازعہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا اور لاکھوں انسانوں کے بنیادی حقوق کا معاملہ ہے، انہوں نے کہاکہ کشمیرمیں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اقوام عالم اور عالمی ضمیر کیلئے بڑا امتحان ہے،جنوبی سوڈان اور مشرقی تیمور کے حوالے سے اقوام عالم کا کردار ایک کشمیر کے حوالے سے دوسرا ہے، سیف اللہ خان نیازی نے کہاکہ تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ہر سطح پر اہلِ کشمیر کا مقدمہ لڑے گی،علاقائی سلامتی اور عالمی امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا فوری حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی روکیں۔بھارت آنکھیں دکھانے کی بجائے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کی میز کا رخ کرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چودھری نے کہاکہ بھارت نے اہلِ کشمیر کی آواز دبانے کیلئے مقبوضہ وادی کو عملا عقوبت خانے میں تبدیل کررکھا ہے، حقِ خودارادیت کیلئے آواز اٹھانے کی پاداش میں بھارت ساڑھے پانچ لاکھ کشمیریوں کا خون کرچکا ہے، بھارت کے ساڑھے آٹھ لاکھ مسلح فوجی کشمیر میں دن رات انسانی حقوق پامال کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم کے سامنے سرنگوں ہونے کی بجائے کشمیری نوجوان سینہ تانے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کررہے ہیں،1989 سے 2019 تک ہر مرحلے پر اہل کشمیر کی مزاحمتی تحریک نے زور پکڑا ہے۔